اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ عارف حسین واحدی نے مرکزی محرم الحرام کمیٹی کے سیکریٹری سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ ،صوبائی، ضلعی اور مقامی راہنماﺅں کے ہمراہ سیدانوالہ پنڈدادنخان میں عزاداری کے خلاف پولیس گردی اور ظلم ڈھائے جانے کیخلاف پریس کانفرنس کی اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ پنجاب پولیس نے سیدانوالہ میں عزاداروں کے ساتھ ایسا ظلم و ستم، بہیمانہ سلوک اور جارحیت کی جیسے یہ علاقہ کوئی مقبوضہ کشمیر کا کوئی گاوں ہو۔
علامہ عارف واحدی نے پنجاب پولیس کی جانب سے کی گئی سادات کی خواتین کی بے حرمتی، بوڑھوں بچوں اور نوجوانوں پر ڈھائے گئے ظلم اور علاقے میں پیدا کی گئی خوف و ہراس کی فضا کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور محدودیتیں ایجاد کرنا مکتب تشیع کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا قابل قبول اور قابل برداشت نہیں ہے۔ ہم ان اقدامات خاص کر متعصبانہ اور تکفیری مائنڈ سیٹ اور رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے حکام بالا خاص کر وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی افسران کی طرف سے کئے گئے غیر آئینی اقدامات کا فی الفور نوٹس لے کر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے اور عزاداری کیخلاف غیر آئینی اقدامات کو روکا جائے اور بلا جواز ایف آئی آر کو ختم کر کے گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں ہمیں وسیع تراحتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ورنہ تمام تر حالات کی ذمہ داری پنجاب حکو مت پر عائد ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲